نسیم شاہ کے حوالے سے پھیلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہیں: پی سی بی

Last Updated On 07 January,2020 07:41 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ میڈیا میں فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے حوالے سے آنے والی خبروں کی تردید کرتے ہیں، جس میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ فاسٹ باؤلر کا نام آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ کے لیے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم سے زائد العمر ہونے کی وجہ سے واپس لیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کی عمر کی تصدیق کی اور یہ عمل 6 دسمبر کو پاکستان انڈر 19 ٹیم کے انتخاب سے قبل نومبر میں مکمل کر لیا گیا تھا۔

پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ کا نام ورلڈکپ کے لیے منتخب کردہ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے اس ابتدائی سکواڈ میں شامل تھا جو آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ عمر کی اہلیت پر پورا اترتے ہیں، اس ایونٹ کے لیے کھلاڑیوں کی عمر کی اہلیت یکم ستمبر 2000ء مقرر کی گئی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ 31 دسمبر کو اپنے اعلامیے میں وضاحت کر چکا ہے کہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ سے نسیم شاہ کا نام پاکستان سینئر کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ کی درخواست پر واپس لیا گیا ہے اور اس کی وجہ صرف ’’کرکٹ‘‘ ہے۔

پی سی بی اس بات پر مایوسی کا اظہار کرتا ہے کہ نوجوان کرکٹر کی ساکھ کو مجروح کرنے کی کوشش کی گئی ہے جس کا مستقبل روشن ہے۔

یاد رہے کہ میڈیا میں خبریں سامنے آئی تھیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انڈر 19 ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں نسیم شاہ کے نام کو شامل کیا تھا تاہم بعدازاں ان کے نام کو سکواڈ سے واپس لے لیا گیا تاکہ انٹرنیشنل میڈیا میں نسیم شاہ کی عمر کے حوالے سے تنازع سے بچا جا سکے۔

نسیم شاہ کا نام انڈر 19 ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن بعدازاں انہیں آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی ٹیم کے سکواڈ میں شامل کرلیا گیا جہاں سے انہیں خوب شہرت ملی۔

انڈر19 ٹیم کی ورلڈ کپ کے لیے تیاریاں آخری مرحلے میں ہی تھیں کہ پی سی بی نے یکدم اعلان کیا کہ نوجوان فاسٹ باؤلر میگا ایونٹ میں شرکت نہیں کریں گے کیونکہ ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس ان کے حوالے سے الگ ارادے رکھتے ہیں۔

دورہ آسٹریلیا کے دوران انٹرنیشنل میڈیا میں نسیم شاہ کی عمر کے حوالے سے چے مگوئیاں ہوئیں لیکن پی سی بی نے ایسی تمام تر خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ نادرا کے ریکارڈ پر انحصار کرتے ہیں اور نسیم کی عمر پر شک و شبے کی کوئی وجہ نہیں البتہ پاکستان، بھارت اور آسٹریلیا کے چند سابق کرکٹرز اب بھی ان کی عمر کے حوالے سے تحفظات رکھتے ہیں۔

ذرائع نے انکشاف کیا کہ پی سی بی کے ڈاکٹرز، نسیم شاہ کی اصل عمر کے بارے میں پتہ لگانے میں ناکام رہے کیونکہ انکا ماننا ہے کہ عمر کی جانچ کے لیے کوئی معتبر سائنٹیفک طریقہ کار موجود نہیں اور کھلاڑی کی عمر کی جانچ کے لیے کھیلوں کی کوئی بھی عالمی گورننگ باڈی بون ٹیسٹ کو تسلیم نہیں کرتی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2016 میں شائع ایک انٹرویو کے مطابق سابق عظیم ویسٹ انڈین فاسٹ باؤلر اینڈی رابرٹس نے ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 2016 میں کراچی میں منعقدہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں نسیم شاہ کو دیکھا تھا اور پیشگوئی کی تھی کہ جلد ایک بہترین فاسٹ باؤلر بن جائیں گے۔

65 سالہ اینڈی رابرٹس کا کہنا تھا کہ مجھے نسیم نامی فاسٹ باؤلر بہت پسند آئے، انکی عمر صرف 16 سال ہے، معذرت خواہ ہوں کہ مجھے ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے دو سے تین ہفتے میسر نہیں ہیں، وہ ایک جارحانہ فاسٹ باؤلر ہیں، ان کی رفتار بہت اچھی ہے اور وہ نوجوان ہیں، ان میں کھیل کے لیے جنون ہے اور اگر انہوں نے اسے برقرار رکھا تو بہت آگے جائیں گے، وہ ایک اچھے فاسٹ باؤلر بن سکتے ہیں۔