ایم سی سی کیخلاف میچ: سعود شکیل پاکستان شاہینز کے کپتان مقرر

Last Updated On 28 January,2020 05:03 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2019ء کی فاتح ٹیم کے کپتان سعود شکیل کو پاکستان شاہینز کا کپتان مقرر کر دیا گیا ہے، 24 سالہ سعود شکیل مارلی بون کرکٹ کلب کے خلاف 50 اوورز پر مشتمل میچ میں پاکستان شاہینز کی قیادت کریں گی۔ ایم سی سی کی ٹیم 13 سے 19 فروری تک لاہور کا دورہ کرے گی تاہم دورے کے دوران شیڈول میچز کی حتمی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2019ء کے فائنل میں بنگلا دیش کو 77 رنز سے شکست دینے والی قومی ایمرجنگ ٹیم کے سکواڈ میں شامل گیارہ کھلاڑیوں کو پاکستان شاہینز میں برقرار رکھا گیا ہے، ایونٹ کا فائنل نومبر 2019ء میں ڈھاکا میں کھیلا گیا تھا، سعود شکیل کے علاوہ سکواڈ میں شامل عاکف جاوید، حیدر علی، حسن محسن، عمران رفیق، محمد محسن، عمیر بن یوسف، روحیل نذیر، سیف بدر، ثمین گل اور عمر خان کو ایم سی سی کے خلاف سکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔

ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ذیشان ملک کو ایم سی سی کے خلاف اعلان کردہ 12 رکنی سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ میں 23 سالہ ذیشان ملک نے 52 اوسط کی سے 780 رنز بنائے تھے۔

بنگلا دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں قومی سینئر سکواڈ میں جگہ بنانے والے عماد بٹ، خوشدل شاہ محمد حسنین کو پاکستان شاہینز میں شامل نہیں کیا گیا، تینوں کھلاڑیوں کو اعلیٰ سطحی کرکٹ میں ترقی پانے کے باعث ایم سی سی کے خلاف سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ سپنر محمد اسد بھی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔

کوآرڈینیٹر برائے سلیکشن کمیٹی ندیم خان کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے ڈھاکا میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو سکواڈ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، صرف ایک تبدیلی کی گئی ہے، ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ذیشان ملک کو ایم سی سی کے خلفا سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کا کہنا ہے کہ ایم سی سی کرکٹ ٹیم کا 48 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنا ایک خوش آئند عمل ہے، مارلی بون کرکٹ کلب کے صدر اور نامور کرکٹر کمارا سنگا کارا کا خود ٹیم کی قیاد تکرنا اس دورے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایم سی سی کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان، پی سی بی کی ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی سرگرمیوں کو برقرار رکھنے کی کاوش ہے، حال میں سری لنکا کرکٹ ٹیم کا پاکستان میں مکمل سیریز کھیلنا، ٹی ٹونٹی سیریز کھیل کر وطن واپس لوٹنے والی بنگلا دیش کرکٹ ٹیم کی ٹیسٹ اور ایک روزہ میچ کے لیے پاکستان آمد پر رضا مندی ظاہر کرنا اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سمیت کرکٹ آسٹریلیا، انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اور کرکٹ آئر لینڈ کے خلاف اعلیٰ حکام کی پاکستان آمد، پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

پاکستان شاہینز ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

سعود شکیل کپتان، عاکف جاوید، حیدر علی، حسن محسن، عمران رفیق، محمد محسن، عمیر بن یوسف، روحیل نذیر وکٹ کیپر، سیف بدر، ثمین گل، عمر خان اور ذیشان ملک۔

اس موقع پر ناردرن کے ہیڈ کوچ محمد وسیم نے بھی ایم سی سی کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ کے لیے بارہ رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

ٹیم کی قیادت روحیل نذیر کریں گے جبکہ علی عمران، حیدر علی، زید عالم کو سکواڈ میں برقرار کرھا گیا ہے، چاروں کھلاڑیوں قومی ٹی ٹونٹی کپ میں ناردرن کے 15 رکنی سکواڈ کا حصہ تھے، ایونٹ کے فائنل میں ناردرن نے بلوچستان کو 52 رنز سے شکست دی تھی۔

ناردرن کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

روحیل نذیر کپتان، فیضان ریاض، علی عمران، حیدر علی، مبشر خان، موسیٰ خان، نعمان علی، سرمد بھٹی، شہزاد اعظم، شیراز خان ، زید عالم اور ذیشان ملک۔
 

Advertisement