ملتان میں پی ایس ایل کے تین اہم میچز کھیلے جائیں گے، تیاریاں مکمل

Last Updated On 12 February,2020 10:20 am

ملتان: (دنیا نیوز) انضمام الحق کے شہر ملتان میں پی ایس ایل کے تین اہم میچز کھیلے جائیں گے جس کی تیاری مکمل ہونے پر سیکورٹی انتظامات کو بھی حتمی شکل دیدی گئی ہے جبکہ تینوں میچز میں ملتان سلطان کی کامیابی کیلئے ٹیم کے آنر علی خان ترین بھی کافی حدتک مطمئن ہیں۔

جنوبی پنجاب کے دلوں کی دھڑکن ملتان سلطان کی ٹیم 26 ،28 اور 29 فروری کو ملتان اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے تین میچز کھیلے گی جس میں پہلا میچ پشاور دوسرا کراچی جبکہ تیسرا کوئٹہ کی ٹیم سے ہو گا جس کو دیکھنے کیلیے شائقین کرکٹ نے مختلف کیٹیگری کی پینتیس ہزار ٹکٹیں خرید لی ہیں، تاہم علی خان ترین شائقین کرکٹ کی جانب سے شاندار سپورٹ ملنے پر ٹیم کی کامیابی کیلیے کافی حدتک مطمئن ہیں۔

پی ایس ایل میں شریک ٹیموں کی سکیورٹی کیلئے پولیس نے ائیر پورٹ سے اسٹیڈیم تک 300 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر کے 25 سو اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی ہیں جبکہ پارکنگ کیلئے فاطمہ جناح کالونی کا انتخاب کر کے شائقین کرکٹ کیلئے سو بسوں پر مشتمل شٹل سروس چلانے کا بھی پلان تشکیل دے دیا ہے۔

اسٹیڈیم میں دس بیڈز کا عارضی ہسپتال بنا کر سول ڈیفنس نے فرضی مشقیں شروع کر دی ہیں اور اسی سلسلے میں اسٹڈیم کے راستوں پر تجاوزات کا بھی خاتمہ کر دیا گیا ہے۔
 

Advertisement