پاکستان سپر لیگ 2020ء کی انعامی رقم 10 لاکھ امریکی ڈالرز مقرر

Last Updated On 18 February,2020 05:00 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی لشکارے مارتی ٹرافی کو میڈیا کے سامنے کل لایا جائے گا، روپ دکھایا جائے گا، چیمپئن ٹیم سمیت بہترین کھلاڑیوں کے انعامات کا ابھی اعلان کر دیا گیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کا میلہ شہر قائد میں شروع ہو گا، لیگ ٹرافی کی تقریب رونمائی 19 فروری کراچی میں ہی ہو گی۔ صرف چمچماتی ٹرافی سے ہی کھلاڑیوں کے دل نہیں للچائیں گے بلکہ انعامات کی برسات بھی توجہ کا مرکز ہوںگے۔

پانچویں ایڈیشن میں کُل 10 لاکھ امریکی ڈالرز (15 کروڑ روپے) کی مالیت کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ 22 مارچ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں فائنل کی فاتح ٹیم کو لشکارے مارتی ٹرافی اور 5 لاکھ امریکی ڈالرز (ساڑھے سات کروڑ روپے) دیئے جائیں گے۔

رنرزاپ ٹیم 2 لاکھ امریکی ڈالرز (تین کروڑ روپے) کی انعامی رقم وصول کرے گی، ایونٹ کے دوران ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ کیساتھ 4500 امریکی ڈالرز (تقریباً 7 کروڑ روپے) کا انعام ملے گا۔

80 ہزار امریکی ڈالرز (تقریباً ایک کروڑ دس لاکھ روپے) مالیت کی انعامی رقم ایونٹ کے بہترین کھلاڑی، بہترین بلے باز، بہترین باؤلر اور سپرٹ آف کرکٹ کے ایوارڈزجیتنے والوں میں برابری کی بنیاد پر تقسیم ہوگی۔

ٹورنامنٹ کے بہترین کیچ، بہترین رن آؤٹ اور سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑیوں کو بھی کیش انعام دیا جائے گا۔