لاہور: (دنیا نیوز) پی ایس ایل کی ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان شان مسعود نے ایونٹ کے تمام میچز پاکستان میں منعقد ہونے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جیت کے جذبے سے میدان میں اتریں گے۔
لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں شان مسعود کا کہنا تھا کہ فرنچائز کرکٹ سال میں ایک بار ہوتی ہے، تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں۔ گزشتہ سال کی نسبت کافی تبدیلیاں ہوئی ہیں۔
شان مسعود نے بتایا کہ گزشتہ روز کافی کھلاڑیوں کا تجربہ کیا۔ ہماری ٹیم بہت ہی متوازن ہے۔ ہمارے پاس 3 لیگ سپنرز، ایک آف سپنر موجود ہے جبکہ جنید خان اور سہیل تنویر بھی باؤلنگ میں موجود ہیں۔ ہمارے پاس کھلاڑیوں میں تبدیلی کے لیے آپشنز موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹی 20 کرکٹ میں کچھ بھی آسان نہیں ہوتا۔ جو ٹیم اچھا آغاز کرتی ہے اس کیلئے ٹورنامنٹ میں بڑھنا آسان ہو جاتا ہے۔ کرکٹ میں موسم اور نمی کا اثر بھی ہوتا ہے۔