اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو شکست دیدی

Last Updated On 23 February,2020 11:35 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل فائیو) کے میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 183 رنز کا ہدف دیا تھا۔

لاہور قلندرز کی اننگز کی خاص بات محمد حفیظ کی شاندار بلے بازی تھی۔ انہوں نے 57 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے سات چھکوں اور سات چوکوں کی مدد سے 98 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر بلے بازوں میں اوپنر فخر زمان 33، سی اے لین 11، سمت پٹیل 10 اور ڈی وائس 19 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف اور شاداب خان نے دو، دو جبکہ محمد موسیٰ اور احمد صفی عبداللہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے ابتدائی دونوں کھلاڑی جلد ہی آؤٹ ہو گئے جس کے بعد کپتان شاداب خان نے انتہائی شاندار بیٹنگ کی۔ انہوں نے صرف 29 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چار چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے۔

 

 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جیت میں آخری نمبروں پر بلے بازی کیلئے آنے والے دونوں کھلاڑیوں احمد صفی عبداللہ اور محمد موسیٰ نے اہم کردار ادا کیا۔ دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار بلے بازی کرکے لاہور قلندرز سے میچ چھین لیا۔ آخری اوور کی آخری دو گیندوں پر یونائیٹڈ کو جیت کیلئے صرف ایک رن درکار تھا جسے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹیم نے اپنے نام کیا۔ محمد موسیٰ 17 جبکہ احمد صفی نے 8 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

 

 

دیگر بلے بازوں میں میلان 22، انگرام 30 جبکہ آصف علی 18 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی نے اچھی کارکردگی دکھاتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حارث رؤف کے حصے میں 2 اور محمد حفیظ کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

 خیال رہے کہ لاہور قلندرز کو اپنے پہلے میچ میں ملتان سلطانز نے شکست دی تھی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کو پی ایس ایل کے افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی لیکن اس کے بعد اگلے میچ میں انھوں نے ملتان سلطانز کو باآسانی شکست دے دی تھی۔