پاکستان سپر لیگ، اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان آج جوڑ پڑے گا

Last Updated On 01 March,2020 03:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ میں آج ایک میچ کھیلا جائے گا، میزبان اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان جوڑ پڑے گا، پوائنٹ ٹیبل پر ترقی کی دوڑ نے مقابلے کو دلچسپ بنا دیا۔

پی ایس ایل کے چوتھے میزبان راولپنڈی میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان جوڑ، کپتان شاداب اور عماد آمنے سامنے، گذشتہ روز بارش سے کرکٹ کا مزہ کرکرا ہوا، ریڈ برگیڈ اور پشاور زلمی کو ایک ایک پوائنٹ ملا، سنڈے، فُل کرکٹ ڈے ہو گا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم آدھے یعنی پانچ میچ کھیل چکی، پانچ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر سے جمپ کرنے پر نظریں جما لیں۔ چوتھا میچ کھیلنے والے کنگز کو سیکنڈ لاسٹ پوزیشن سے نکلنے کی امید، شام سات بجے بگل بجے گا اور کرکٹ کا میلہ سجے گا۔

چھکے چوکوں کی بہار، وکٹیں بھی لگا تار، نیلی اور لال شرٹ والے تیار ہیں تو دیوانے بھی بے قرار ہیں۔ شاداب خان الیون اپنی سرزمین اور اپنے ہی شائقین کے سامنے جیت کے لیے بے چین ہے۔

میزبان ٹیم کے لیوک رونکی، کولن منرو اورکولن انگرام فارم دکھائیں گے۔ ادھر عماد الیون نے بھی آستانیں چڑھائیں گے، بابر اعظم پرعزم ہیں جبکہ الیکس ہیلز اور ڈیلپورٹ سپورٹ پائیں گے۔