پی ایس ایل2020: پنڈی سٹیڈیم میں ایک لاکھ شائقین کی آمد پر پی سی بی مشکور

Last Updated On 09 March,2020 04:56 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 2020ء کے 8 میچز کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے راولپنڈی اور اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے مداحوں، مقامی انتظامیہ اور سکیورٹی ایجنسیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

اس موقع پر پی سی بی نے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے گراؤنڈ سٹاف کو احسن انداز میں اپنی ذمہ داریاں نبھانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہئے انہیں لیگ کی آٹھویں ٹیم قرار دیدیا۔

17 ہزار افراد کی گنجائش کے حامل سٹیڈیم کے دوران کھیلے گئے 8 میچز میں کل ایک لاکھ سے زائد تماشائی موجود تھے اگر پی ایس ایل 2020ء کے دیگر وینیوز پر نظر دوڑائی جائے تو ملتان نے تین میچز میں 80 ہزار تماشائیوں کی میزبان کی تھی، جبکہ دوسری لیگ کے دوران قذافی سٹیڈیم لاہو میں بھی شائقین کرکٹ کا ٹرن آؤٹ 80 فیصد رہا، کراچی میں کھیلے گئے ابتدائی چار میچز میں نیشنل سٹیڈیم 90 فیصد شائقین کرکٹ سے بھرا ہوا تھا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 2020ء کے میچز دیکھنے کے لیے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کا رخ کرنے پر پی سی بی جڑواں شہروں راولپنڈی، اسلام آباد کے مداحوں کا مشکور ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ، پاکستانی عوام کا پسندیدہ کھیل ہے اور اس تناظر میں مداحوں کی سٹیڈیم آمد پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے خوشی کا باعث ہے۔

سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ شائقین کرکٹ کی سٹیڈیم آمد سے جہاں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے تو وہیں میڈیا کوریج کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کی ثقافت او روایات کا مثبت پہلو بھی اجاگر ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لیگ کے دوران چند میچز میں موسم کھیل کے لیے سازگار نہیں تھا اسکے باوجود کرکٹ کے مداحوں نے حوصلے اور صبر سے کام کیا۔

چیف آپریٹنگ آفیسر نے گراؤنڈ سٹاف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ لیگ میں شامل چھ ٹیموں اور آفیشلز کے بعد گراؤنڈ سٹاف اس ٹورنامنٹ کی آٹھویں ٹیم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے گراؤنڈ سٹاف اصل ہیروز ہیں، ان کی انتھک محنت کے سبب بارش کے باوجود بھی لیگ کے میچز کا انعقاد ممکن بنایا جا سکا۔

سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ وہ پی سی بی کی جانب سے مقامی انتظامیہ، صوبائی حکومتوں اور سکیورٹی ایجنسیوں کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں، ان کے تعاون کے بغیر پی سی بی کے لیے اتنا بڑا ایونٹ منعقد کروانا ممکن نہ تھا۔

چیف آپریٹنگ نصیر کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی کے ساتھ پی سی بی کا تمام حکومتوں اداروں کے ساتھ مثبت اور مضبوط رشتہ ہے، جو اس شاندار ایونٹ کے کامیاب انعقاد کی عکاسی کرتا ہے۔