بیٹنگ کی خامیوں کو دور کرنے کی پوری کوشش کر رہا ہوں: فخر زمان

Last Updated On 13 April,2020 05:26 pm

لاہور (ویب ڈیسک )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹسمین فخر زمان نے اپنی بیٹنگ میں عدم تسلسل کو بلند درجہ خطرات کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنی جانب سے بہترین کوشش کر رہا ہوں کہ بیٹنگ کی خامیوں کو دور کروں۔

یو ٹیوب چینل پر بات چیت کرتے ہوئے فخر زمان کا کہنا تھا کہ اپنی خامیوں کو دور کرتے ہوئے کھیل کے مجموعی معیار کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ موجودہ پاکستانی ٹیم میں بابراعظم کے سوا کوئی ایک ایسا بیٹسمین بتائیں جو تسلسل سے تینوں فارمیٹس میں بہترین کھیل پیش کر رہا ہے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چونکہ میں ٹی 20کرکٹ کھیلتا ہوں جو بلند درجہ خطرات سے لبریز فارمیٹ ہے تو بطور اوپنر بہترین سٹرائیک ریٹ کی توقعات بھی پوری کرنی پڑتی ہے۔

اوپننگ بیٹسمین کا کہنا تھا کہ تیزی سے سکورنگ کیلئے انہیں سٹروکس کھیلنا پڑتے ہیں اور جب بہت زیادہ شاٹس کھیلے جائیں تو آؤٹ ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے تاہم وہ اپنی جانب سے بہترین کوشش کر رہے ہیں کہ بیٹنگ کی خامیوں کو دور کریں تاکہ پلاننگ کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے جو دیگر ٹیمیں ان کیلئے تیار کرتی ہیں ۔

بائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے اعتراف کیا کہ انہیں پی ایس ایل فائیو میں سپنرز کیخلاف مشکلات درپیش رہیں اور وہ سیزن کے دوران 6 سے 7 مرتبہ سپنرز کیخلاف آؤٹ ہوئے لیکن اس کی وجہ یہ تھی کہ انہوں نے سپنرز کیخلاف پہلی بال سے اٹیک کا فیصلہ کیا اور ایسا کرتے ہوئے غلطیوں کا امکان بھی بڑھ جاتا ہے لیکن وہ آئندہ کوشش کریں گے کہ سپن باؤلرز کیخلاف اپنی وکٹ نہ گنوائیں، جس کیلئے فٹنس کی بہتری کے ساتھ غلطیوں پر بھی کام جاری ہے ۔