کوئٹہ: (دنیا نیوز) سابق کپتان شاہد آفریدی بلوچستان کے امدادی دورے پر چمن پہنچ گئے جہاں پر انہوں نے باب دوستی کا دورہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے کے بعد امدادی سرگرمیوں میں سابق قومی کپتان شاہد آفریدی نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے، وہ ملک بھر کے دورے کر رہے ہیں، ان کی ’شاہد آفریدی فاؤنڈیشن‘ مختلف علاقوں میں غریبوں میں راشن تقسیم کر رہی ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی ایک اور امدادی دورے پر بلوچستان کے شہر چمن پہنچ گئے جہاں پر انہوں نے پاک افغان سرحد پر باب دوستی کا بھی دورہ کیا۔ دورے کے دوران سابق کپتان نے غریبوں میں راشن بھی تقسیم کیا۔
دورے کے دوران سابق آل راؤنڈر نے افغان فوجیوں سے بھی جذبہ خیر سگالی کے تحت ملاقات کی۔
شاہد آفریدی کے دورے بلوچستان کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد انہیں اپنے درمیان خوشی سے سرشار ہوئی۔ جبکہ کورونا وائرس کے باعث راشن کی تقسیم کے دوران سماجی فاصلے کا خاص خیال رکھا گیا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ چمن کے لوگوں کی میں بہت عزت کرتا ہوں، کیونکہ ملک کی تجارت میں فروغ دینے کے لیے یہ سرحد بہت مدد کرتی ہے۔ یہاں پر سینکڑوں کی تعداد میں مال بردار ٹرک گزرتے ہیں، ایک وقت تھا جب یہاں پرآئل ٹینکرز کو جلا دیا جاتا تھا۔
سابق کپتان کا مزید کہنا تھا کہ الحمد للہ پاک فوج، پولیس اور سکیورٹی اداروں کی کی مدد سے بلوچستان میں دہشتگردی کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور امن واپس لوٹ آیا ہے۔اور لوگ سکون سے زندگی گزار رہے ہیں۔
کرکٹ کے حوالے سے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ڈی سی صاحب سے بات ہوئی ہے، یہاں پر گراؤنڈ بہت اعلیٰ ہے، یہاں پر کرکٹ ہونی چاہیے، کھیل کے فروغ کو دینا چاہیے، بچوں کا مستقبل ہمارے ہاتھوں میں ہے۔
گزشتہ روز بلوچستان میں دورے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ اس مرتبہ اپنے بچوں کو بھی ساتھ لایا ہوں، صرف اسلام آباد، کرچی اور لاہور والے ہی نہیں بلوچستان میں رہنے والے بھی پاکستانی ہیں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کورونا وائرس کے حوالے سے عوام کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی طرف سے متعارف کرائے گئے قانون پر عمل کریں اور احتیاط کریں۔
شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ اپنے بچوں کو تعلیم ضرور دلائیں، تعلیم انسان کو انسان سے پیار کرنا سکھاتی ہے، ٹیلنٹڈ بچوں کو کرکٹ سکھانے کراچی لے جاؤں گا، انتظامیہ کو کہا ہے یہاں کرکٹ میچ کرائیں۔
سابق قومی کپتان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میچز کروانے سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا، بلوچستان کے لوگوں کا خیال رکھنے مخیر حضرات اور حکومت کا حق ہے۔