سابق ٹیسٹ کرکٹر توفیق عمر نے کورونا وائرس کو شکست دیدی

Last Updated On 06 June,2020 09:51 am

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ بیٹسمین اور جونیئر سلیکشن کمیٹی کے رکن توفیق عمر کورونا وائرس کو شکست دے کر صحت یاب ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کوورنا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جہاں پر تیزی سے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے وہاں پر صحت یابی سے متعلق حوصلہ افزاء خبریں بھی مل رہی ہیں، اسی حوالے سے ایک خبر توفیق عمر سے متعلق آئی ہے۔

کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثتبت آنے کے بعد سابق ٹیسٹ کرکٹر نے اپنے آپ کو 14 روز کے لیے گھر میں قرنطینہ کر لیا تھا۔ اس آئسولیشن کے دوران انہوں نے کورونا وائرس کو شکست دیدی۔

توفیق عمر کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے خاص کرم نوازی کی ہے، اب مکمل طور ہر صحت یاب ہوچکا ہوں، کورونا وائرس سے بچاو کے لیے سب لوگ اپنا خیال رکھیں اور تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔

سابق ٹیسٹ اوپنر نے واضح کیا کہ اگر خدانخواستہ کورونا ٹیسٹ پازیٹو آئے تو اس صورت میں پریشان نہ ہوں، اپنی قوت معدافت بڑھانے پر توجہ دیں، میری طرح خود کو گھر پر آئسولیٹ کرکے ایک کمرے تک محدود کرلیں، بچوں اور گھر میں موجود معمر افراد سے دور رہیں۔

واضح رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ اوپنر توفیق عمر نے گرین شرٹس کی طرف سے 44 ٹیسٹ میچز کھیلے جبکہ 22 ون ڈے میں بھی نمائندگی کی۔ اس دوران انہوں نے بالترتیب 2963 اور 504 رنز بنائے۔