لاک ڈاؤن میں پی ایس ایل ٹکٹ واپسی کا پلان بھی متاثر، پی سی بی کی تیاریاں دھری رہ گئیں

Last Updated On 18 June,2020 11:09 am

لاہور: (دنیا نویز) لاک ڈاؤن میں پی ایس ایل ٹکٹ واپسی کا پلان بھی متاثر ہو گیا، پی سی بی کی تیاریاں دھری کی دھری رہ گئیں، ایک لاکھ سے زائد کرکٹ دیوانوں کو کروڑوں روپے کی ادائیگیاں اگست میں ہوں گی۔

کورونا وائرس نے پہلے پی ایس ایل میچز کو متاثر کیا اب منسوخ میچز کی ٹکٹ واپسی کا معاملہ کھٹائی میں ڈال دیا، لاک ڈاؤن سے پی ایس ایل ٹکٹوں کی واپسی کا معاملہ پھر لٹک گیا۔ پی سی بی کی طرف سے سارے انتظامات مکمل تھے، ٹکٹ واپسی کے لیے کورئیر کمپنی کے ساتھ پلان بھی تیار تھا، لاک ڈاؤن اعلان سے سب دھرا کا دھرا رہ گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ 8 جون کو ٹکٹ واپسی کا نوٹیفکیشن جاری ہوا، اسے پھر واپس لے لیا گیا۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پی سی بی کو 9 ملتوی میچز کے ایک لاکھ سے زائد ٹکٹ واپس کرنا ہیں، کروڑوں روپے کی ادائیگیاں اگست تک روک دی گئی ہیں۔

بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ ساڑھے 31 ہزار سے زائد آن لائن ٹکٹ اپریل میں واپس کیے جا چکے ہیں لیکن بڑی تعداد میں افراد کو ٹکٹوں کی واپسی کے لیے سماجی فاصلہ سمیت ایس او پی کو کبھی نظر انداز نہیں کر سکتے۔