قومی ٹیم کی انگلینڈ کیخلاف سیریز آسان نہیں ہو گی: وسیم خان

Last Updated On 18 July,2020 11:08 am

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز آسان نہیں ہوگی۔

اپنے ایک بیان میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ پریکٹس ملے گی، پاکستان ٹیم کو کافی عرصے سے میچ پریکٹس نہیں ملی۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑی محنت کر رہے ہیں امید ہے اچھے نتائج آ ئیں گے، سٹیڈیم میں ہر قسم کی سہولتیں موجود ہیں، قومی ٹیم نے حالیہ دنوں بھرپور محنت اور پریکٹس کی ہے۔

چیف ایگزیکٹو پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ دنیا میں حالات ٹھیک ہوں گے تو ٹیم فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام کرےگی۔

یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ اور تین ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے انگلینڈ میں موجود ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 5 اگست سے کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ بال کو تھوک سے چمکانے پر پابندی نے انگلینڈ اور قومی ٹیم کے لیے ایک چیلنج کھڑا کردیا ہے۔

حالیہ بیان میں قومی ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس کا کہنا تھا کہ بولرز کو گیند پر تھوک لگانے کی پابندی کاعادی ہونا پڑے گا، آئی سی سی کو اس پابندی کا کوئی حل ضرور نکالنا ہوگا۔