انگلینڈ سیریز تیاریاں، پریکٹس میچ کے تیسرے روز ٹیم وائٹ نے 5 وکٹ پر 245 رنز بنا لیے

Last Updated On 20 July,2020 11:21 am

لندن: (دنیا نیوز) انگلینڈ سیریز کی تیاریوں کے لیے ڈربی شائر میں جاری انٹرا اسکواڈ پریکٹس میچ کے تیسرے روز ٹیم وائٹ نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹ پر 245 رنز بنا لیے، کپتان بابر اعظم نے 58 رنز کا اضافہ کیا۔ سہیل خان نے پانچ وکٹیں حاصل کیں، انجری کا شکار عابد علی کا اسکین ٹیسٹ کلیئر آ گیا، بدھ سے ٹریننگ کریں گے۔

ڈربی شائر میں قومی شاہین فُل اِن ایکشن، ٹیم وائٹ نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹ پر 245 رنز بنا لیے، کپتان بابر اعظم نے 58 رنز بنائے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان 81 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، شاداب خان بھی 20 رنز پر ناقابل شکست تھے، نوجوان بلے باز حیدر علی نے ٹوٹل میں اکاون رنز کا اضافہ کیا۔ ان کے تیز شارٹ سے عابد علی زخمی ہوئے تھے جن کا احتیاطا اسکین کرایا گیا جو کہ کلیئر آیا، ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق انجری کا شکار بیٹسمین کو بقیہ میچ میں آرام دیا گیا لیکن وہ بدھ سے ٹیم ٹریننگ کا حصہ ہوں گے۔

اس سے پہلے اظہر علی کی گرین ٹیم 181 رنز بنا سکی، اسد شفیق 51، کپتان اظہر علی 31 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، سہیل خان نے پانچ جبکہ شاہین آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ پریکٹس کرتے قومی کھلاڑی 5 اگست سے میزبان انگلینڈ کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ کھیلیں گے۔