اگلا آئی سی سی چیئرمین ’بگ تھری‘سے نہیں ہونا چاہیے: احسان مانی

Published On 04 September,2020 10:36 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کا اگلا چیئرمین ’بگ تھری‘ (بھارت، آسٹریلیا یا انگلینڈ) سے نہیں ہونا چاہیے۔

کرکٹ کی دنیا کی سب سے بڑی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا اگلا چیئرمین بھارت، آسٹریلیا یا انگلینڈ سے نہیں ہونا چاہیے، بِگ تھری کی وجہ سے صرف 3 ممالک نے ایونٹس بھی آپس میں بانٹ لیے ہیں

انہوں نے کہا کہ عہدے کے لیے کچھ ڈائریکٹرز نے انہیں پیشکش کی تھی لیکن وہ کبھی اس کے خواہش مند نہیں رہے۔

بھارت کے حوالے سے احسان مانی کا کہنا تھا کہ ہم ہمسایہ ملک سے کرکٹ کھیلے بغیر بورڈ چلا رہے ہیں کیا کرکٹ آسٹریلیا ایسا کرسکتا ہے؟ بگ تھری کی وجہ سے صرف مالی ماڈل ہی غلط نہیں بلکہ ان تین ممالک نے ایونٹس بھی آپس میں بانٹ لیے ہیں۔

احسان مانی نے کہا کہ بہت سے کرکٹ بورڈ کے ساتھ باہمی سیریز پر بات کررہے ہیں، ورلڈ کپ سمیت آئی سی سی کے 4 ایونٹس کی میزبانی کی خواہش ظاہر کی ہے۔

پی سی بی چیئر مین کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم رواں برس نیوزی لینڈ کا دورہ کرنے لیے بھی تیار ہے کیونکہ ہم دوسرے ممالک کی مدد کرنا ذمہ داری سمجھتے ہیں اور ان سے بھی یہی توقع رکھتے ہیں۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ امید ہے اگلے مرحلے کے دوران پاکستان ورلڈکپ کی میزبانی کرے گا۔ اگلا مرحلہ (2023 تا 2031) میں شامل ہے۔ مستقبل میں تین سے چار بڑے ایونٹ کی میزبانی کے خواہشمند ہیں، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے ساتھ مشترکہ میزبانی بھی کر سکتے ہیں۔