لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کل سے ملتان میں شروع ہو گا، افتتاحی میچ نیشنل ٹی 20 کپ کی دفاعی چیمپئن ناردرن اور خیبر پختونخوا کے درمیان شیڈول ہے، تمام میچز پی ٹی وی اسپورٹس پر لائیو دیکھے جائیں گے۔
ملتان میں ڈومیسٹک کرکٹ کا میلہ، چھ ٹیمیں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ فرسٹ الیون کے لیے آمنے سامنے ہیں۔ ناردرن کی ٹیم اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی۔ افتتاحی مقابلہ دفاعی چیمپئن ناردرن اور خیبر پختونخوا کے درمیان ہو گا۔
ٹیموں کی تیاریاں مکمل، پلان بھی فائنل کر لئے گئے۔ پاکستان کے اسٹار کرکٹر اور ہائی پرفارمنس قومی کھلاڑی اِن ایکشن ہوں گے۔ کامیاب کھلاڑیوں کو زمبابوے سیریز اور پی ایس ایل میں نمائندگی کا موقع اور 90 لاکھ روپے کے انعامات نے ایونٹ کو دلچسپ بنا دیا۔
سندھ کے کپتان سرفراز احمد نے جارح مزاج اوپنر شرجیل خان پر امیدیں لگاتے ہوئے جیت پر نظریں جما لیں۔ ایونٹ کا دوسر امرحلہ 9 سے 18 اکتوبر تک راولپنڈی میں شیڈول ہے، کوویڈ ایس او پیز کے باعث تماشائیوں کا داخلہ بند ہے، تمام 33 میچز پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔