نیشنل ٹی 20 کپ: حیدر علی اور ذیشان ملک نے نیا تاریخی ریکارڈ بنا دیا

Published On 30 September,2020 05:03 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں کرکٹ کی سرگرمیاں بحال ہونے کے بعد پہلے ہی روز حیدر علی نے ذیشان ملک کے ساتھ مل کر نیا تاریخی ریکارڈ بنا دیا۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کرکٹ کی سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں، 6 ماہ کے عرصہ کے دوران کورونا وائرس کے باعث سرگرمیاں معطل ہو گئی تھیں، پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کا اعلان کیا گیا تھا، 

نیشنل ٹی ٹونٹی کے پہلے میچ کے دوران ناردرن نے خیبرپختونخوا کے خلاف پہلے بیٹنگ کی تو پہلے ہی میچ کے دوران نیا ریکارڈ بن گیا، 19 سالہ حیدر علی اور 23 سالہ ذیشان ملک نے 180 رنز کی پارٹنر شپ بنائی جو نیشنل ٹی 20 کپ تاریخ میں دوسری بڑی شراکت داری ہے۔

میچ کی پہلی اننگز کے دوران حیدر علی نے 90 رنز کی اننگز کھیلی، انہوں نے 48 گیندوں کا سامنا کیا، انہوں نے 7 چوکے اور 5 چھکے لگائے جبکہ ذیشان ملک نے 46 گیندوں پر 77 رنز بنائے، انہوں نے تین چھکے لگائے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل یہ ریکارڈ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان اور سابق قومی ٹیم کے اوپنر یاسر حمید کے پاس تھا، دونوں کھلاڑیوں نے 2014ء کے دوران 169 رنز کی پارٹنر شپ بنائی تھی۔