لاہور: (دنیا نیوز) نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں تمام چھ ٹیمیں دو روز آرام کے بعد کل سے راولپنڈی میں اِن ایکشن ہوں گی، دفاعی چیمپئن ناردرن کی ٹیم ناقابل شکست رہتے ہوئے سرفہرست ہے، بیٹنگ میں نوجوان عبداللہ شفیق ٹاپ پر جبکہ بولنگ میں شاہین آفریدی سب سے آگے ہیں۔
پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ کا جارحانہ آغاز، نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا۔ کھلاڑی دو روز آرام کے بعد 9 اکتوبر سے راولپنڈی میں اِن ایکشن ہوں گے۔ ملتان میں کھیلے گئے میچ کی ریکارڈ بُک پر نظر ڈالیں تو دفاعی چیمپئن ناردرن نمایاں ہے، پانچ میچز میں ناقابل شکست اور دس پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔
ایونٹ میں واحد سنچری اسکور کرنے والے سنٹرل پنجاب کے نوجوان بلے باز عبداللہ شفیق 236 رنز کے ساتھ ٹاپ پر ہیں، ایک اننگز میں ناٹ آؤٹ ایک سو دو رنز بھی 20 سالہ بلے باز کا کارنامہ ہے۔ زیادہ چھکے لگانے میں محمد حفیظ 12 باؤنڈری کے ساتھ ٹاپ پر، حیدر علی کا دوسرا نمبر ہے۔
زیادہ وکٹیں حاصل کرنے کی فہرست میں شاہین آفریدی نمبر ون ہیں، انہوں نے 4 میچز میں بارہ شکار کیے۔ دوسرے کامیاب بولر حارث رؤف ہیں جن کی 4 ہی میچز میں 10 وکٹیں ہیں۔
وکٹ کے پیچھے کی پرفارمنسز کا ریکارڈ دلچسپ ہے، نوجوان روحیل نذیر ٹاپ پر ہیں، دوسرے نمبر پر بسم اللہ خان، محمد رضوان، کامران اکمل اور پھر سرفراز احمد کا نام آتا ہے۔