زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز، مزید ورلڈ ریکارڈ بنانے کی کوشش کروں گا: فخر زمان

Published On 29 October,2020 04:55 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز فخر زمان کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں ورلڈ ریکارڈ بنانے کی کوشش کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق زمبابوے کے خلاف فخر زمان نے 257.50 کی شاندار اوسط سے رنز سکور کررکھے ہیں۔ 2018ء کے موسم گرما میں زمبابوے کا دورہ کرنے والی قومی ٹیم کا حصہ تھے جہاں انہوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 ون ڈے میچز کی سیریز میں 515 رنز سکور کیے اور صرف 2 مرتبہ آئوٹ ہوئے ۔

اس دورے پر انہوں نے چوتھے ون ڈے میں 210 رنز ناٹ آئوٹ کی باری کھیلی تھی اور سعید انور کا 1997ء میں بھارت کے خلاف 194 رنز کا ملکی ریکارڈ توڑا۔

نیشنل ٹی ٹونٹی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کے پی کے کو ٹائٹل جتونے والے فخر زمان سے جب سوال ہوا کہ کیا وہ اپنی پسندیدہ حریف ٹیم کے خلاف کھیلتے ہوئے مزید عالمی ریکارڈ اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے تو اس کے جواب میں قومی ٹیم کے اوپنر کا کہنا تھا کہ وہ پوری کوشش کریں گے کہ کریز پر زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں اور لمبا سکور کریں، اگر آپ کا دن ہو تو کچھ بھی ممکن ہے، وہ یقین سے نہیں کہ سکتے کہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں کوئی عالمی ریکارڈ بنائیں گے لیکن اگر آپ کا دن کو تو کچھ بھی ہوسکتا ہے۔

یاد رہے کہ فخر زمان کی تاریخی ڈبل سنچری کسی بھی پاکستانی بلے باز کی جانب سے ون ڈے کرکٹ کا سب سے بڑا انفرادی سکور ہے اور اب بھی ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی بلے باز کی جانب سے کھیلی گئی 5 ویں بہترین اننگز ہے ۔ ون ڈے میں بہترین انفرادی سکور کا عالمی ریکارڈ بھارت کے روعت شرما کے پاس ہے جنہوں نے سری لنکا کے خلاف 264 رنز کی اننگز کھیلی تھی ۔