پی ایس ایل: ملتان سلطانز کو دھچکا، جیمز ونس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا، بقیہ میچز سے آؤٹ

Published On 09 November,2020 09:53 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز کو دوسرا دھچکا لگ گیا، محمود اللہ کے بعد انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے جیمز ونس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا جس کے باعث وہ بقیہ میچز سے آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان سپر لیگ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان سپر لیگ 2020ء میں شریک ایک فرد کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے، اس فرد کو فوری طور پر ٹیم ہوٹل کے آئسولیشن روم میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

پی سی بی کے تیار کردہ کووڈ 19 پرٹوکولز کے تحت اس فرد کو اپنے گھر میں لیے گئے پہلے ٹیسٹ کا نتیجہ منفی آنے کے بعد کراچی کے لیے سفر کرنا تھا، اس فرد کے کراچی پہنچنے پر پی سی بی سپورٹس اینڈ میڈیکل سائنسز کو جب ان کے پہلے ٹیسٹ کی رپورٹ ملی تو اس کا نتیجہ مثبت آیا جس کے بعد اس فرد کو فوری طور پرقرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ اس فرد کو اب مسلسل دو کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے تک آئسولیشن میں رہنا ہو گا۔

اُدھر ملتان سلطانز کے بیٹسمین جیمز ونس سپر لیگ 2020ء کے بقیہ میچز سے آؤٹ ہو گئے ہیں، بیٹسمین کا ایونٹ میں شرکت کے لیے پاکستان روانگی سے قبل انگلینڈ میں لیا گیا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

ملتان سلطانز کی انتظامیہ اب جیمز ونس کے متبادل کی حیثیت سے کسی غیر ملکی یا مقامی کھلاڑیوں کا انتخاب کر سکتی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء کے بقیہ چار میچز 14 سے 17 نومبر تک کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

اس سے قبل بنگلا دیش کی ٹی20 ٹیم کے کپتان محموداللہ کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے سبب وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پلے آف سے باہر ہو گئے تھے۔

بنگلا دیش کی ٹی20 ٹیم کے کپتان کو ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنا تھی لیکن وہ کورونا کی وجہ سے اب ایسا نہیں کر سکیں گے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محموداللہ نے کہا کہ میں کووڈ-19 کا مثبت ٹیسٹ آنے پر حیران ہوں، مجھے بخار یا دیگر کسی بھی قسم کی علامات ظاہر نہیں ہوئی بلکہ صرف نزلہ ہوا تھا، میں نے دوسری مرتبہ بھی ٹیسٹ کرایا اور وہ بھی مثبت آیا۔