لاہور: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ جاوید میانداد کا کہنا ہے کہ ٹی ٹونٹی کپتان بابراعظم کی عدم موجودگی سے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستانی ٹیم کو پریشان نہیں ہونا چاہئے۔ موقع ملنے والے ہر کھلاڑی کو یہ اعتماد ہونا چاہیئے کہ وہ ٹیم کے لیے پرفارم کرسکتا ہے۔
یاد رہے کہ بابراعظم اتوار کے پریکٹس سیشن کے دوران دائیں انگوٹھے میں فریکچر ہونے کے باعث نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
26 سالہ کپتان کم سے کم 12 دن تک نیٹ سیشنز میں شرکت نہیں کریںگے اور 18، 20 اور 22 دسمبر کو بالترتیب آکلینڈ ، ہیملٹن اور نیپئر میں شیڈول ٹی ٹونٹی میچز کا بھی حصہ نہیں ہوں گے ۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے ہر کھلاڑی میں اپنا ٹیلنٹ ثابت کرنے کا اعتماد ہونا چاہئے اور کسی بھی کھلاڑی کی عدم موجودگی سے پوری ٹیم کو پریشان نہیں ہونا چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ بابراعظم ہمارا کلیدی کھلاڑی ہے، اس میں کوئی شک نہیں کہ ان کی عدم موجودگی سے ٹیم پر اثر پڑے گا کیونکہ وہ اس وقت پاکستان کا بہترین کھلاڑی ہے تاہم ان کی انجری کے باعث قومی ٹیم کو دباؤ نہیں آنا چاہیئے کیونکہ ٹیم میں 11 کھلاڑی ہوتے ہیں جنہیں اپنے ملک کیلئے پرفارم کرنے کیلئے پراعتماد ہونا چاہئے۔
جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ اگر کوئی کھلاڑی زخمی ہوتا ہے تو دوسروں کو ٹیم میں اپنی ذمہ داری پوری کرنا چاہئے ،جب پوری ٹیم کارکردگی کا مظاہرہ کرے تو فتح حاصل ہوتی ہے۔ پاکستانی ٹیم کیویز کے خلاف سیریز جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنے والے تمام کھلاڑی بہترین ہیں، اتنے اچھے ہیں انہیں صرف خود میں اعتماد پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور جس کھلاڑی کو بھی موقع ملے وہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔