پی ایس ایل 6: پشاور زلمی کی ایونٹ میں پہلی فتح، ملتان سلطانز کیخلاف سرخرو

Published On 23 February,2021 06:26 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2021ء کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کی طرف سے ملنے والا رنز کا پہاڑ سر کر لیا،فاتح ٹیم کے ٹام کڈمور کی نصف سنچری نے فتح میں اہم کردار ادا کیا۔

194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی طرف سے اننگز کا آغاز کامران اکمل اور امام الحق نے کیا، دونوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا۔

 تاہم 7 ویں اوورز میں 57 کے مجموعی سکور پر وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل 37 رنز بنا کر عثمان قادر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اوپنر بیٹسمین امام الحق 39 گیندوں پر 48 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔ ردر فورڈ 6 گیندوں پر 15 رنز بنا کر شاہنواز دھانی کا شکار بن گئے۔

پشاور زلمی کی طرف سے ٹام کڈمور نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 31 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور 53 سکور پر شاہنواز کو وکٹ دے بیٹھے۔

پشاور زلمی کی ٹیم نے ہدف 19 ویں  اوورز کی آخری گیند پر حاصل کیا۔ شعیب ملک 11 اور حیدر علی 25 رنز کیساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ شاہنواز دھانی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ 

ملتان سلطانز بیٹنگ

اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے پانچویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے نے ٹاس جیت کر حریف ٹیم کے کپتان محمد رضوان کو کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

ملتان سلطانز کی طرف سے اننگز کا آغاز کپتان محمد رضوان اور کرس لائن نے کیا جبکہ پشاور زلمی کی طرف سے پہلا اوور محمد عمران جونیئر نے کیا۔

پہلے کھیلنے والی ٹیم ملتان سلطانز کا آغاز اچھا نہ تھا، محمد عرفان نے کرس لائن کو دوسرے ہی اوور میں چلتا کیا ۔ آسٹریلوی بیٹسمین 1 سکور بنا سکے، سلپ پر حیدر علی نے شاندار کیچ تھاما۔ کپتان محمد رضوان 28 گیندوں پر 41 سکور بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ محمد عمران جونیئر کی گیند پر امام الحق نے کیچ پکڑا۔

مڈل آرڈر بیٹسمین صہیب مقصود اور جیمز وینس نے زبردست انداز میں بیٹنگ کی اور وکٹ کے چاروں اطراف شارٹس کھیلے، دونوں کے درمیان 50 رنز کی پارٹنر شپ 29 گیندوں پر بنی۔

صہیب مقصود نے 21 گیندوں پر 36 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ جیمز وینس 84 سکور کی جارحانہ باری کھیل کر ثاقب محمود کا نشانہ بن گئے۔

ریلی روسو 14 اور خوش دل شاہ 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 193 رنز بنائے ہیں۔

ثاقب محمود نے دو، محمد عمران، محمد عرفان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ وہاب ریاض سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے، پشاور زلمی کے کپتان کو 4 اوورز میں 51 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی۔ 

 ملتان سلطانز سکواڈ:
محمد رضوان (کپتان)، کرس لائن، جیمزوینس، ریلی روسو، صہیب مقصود، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، کارلوس بریتھویٹ، سہیل تنویر، عثمان قادر اور شاہ نواز دھانی

پشاور زلمی سکواڈ:
کامران اکمل، امام الحق، حیدر علی، شعیب ملک، ٹام کاڈمور، ردرفورڈ، وہاب ریاض (کپتان)، مجیب الرحمان، ثاقب محمود، محمد عمران جونیئر، محمد عرفان

 

 

Advertisement