پی ایس ایل 9: شان مسعود نے شاداب خان کیساتھ تکرار کی وجہ بتا دی

Published On 12 March,2024 05:55 am

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے اسلام آباد یونائیٹد کے کپتان شاداب خان کے ساتھ ہونے والی تکرار کی وجہ بیان کر دی ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ مانتا ہوں کہ رواں سال میری پرفارمنس اچھی نہیں ہوئی، ماضی میں ہر سال اچھا رہا مگر اس بار ایسا نہ ہو سکا، توقعات کے مطابق پرفارمنس نہ دینے پر افسوس ہے، ہماری ٹیم نے کافی کلوز میچز کھیلے، بیچ میں پلیئرز بیمار ہوئے اور اس دوران ہمارے 3 گیمز پر اثر پڑا۔

کپتان شان مسعود نے مزید کہا ہے کہ زیادہ تر ہمارے قریبی میچز ہوئے جس میں نتیجہ کچھ بھی ہو سکتا تھا، اس بار پی ایس ایل میں نئے بیٹرز بھی سامنے آئے ہیں اور کراچی کی ٹیم میں کافی تبدیلیاں ہوئی ہیں، نوجوان پلیئرز کو شروع میں ایک ساتھ نہیں ایکسپوز کر سکتے تھے، ہم نے تجربہ اور نوجوان پلیئرز کا مکسچر بنایا تھا۔

شاداب خان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ فیلڈ میں پلیئرز کے جذبات ہوتے ہیں، ہر انسان میں کچھ خوبی کچھ خامی ہوتی ہے، میں نے وائیڈ واپس لینے کیلئے ریویو لیا، میں جب امپائر سے بات کر رہا تھا تو شاداب نے کہا وقت ختم ہو گیا ہے، شاداب کی بات پر اس کو کہا کہ آپ میچ کھیلو، امپائرنگ مت کرو۔

واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے گزشتہ جمعرات کو ہونے والے میچ کے دوران شاداب خان اور شان مسعود کے درمیان ریویو لینے کے معاملے پر گرما گرمی دیکھنے میں آئی تھی۔

قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا شان مسعود سے ہونے والی گرما گرمی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دوران میچ شان مسعود بھائی کو تھوڑی غلط فہمی ہوگئی تھے جس پر وہ ناراض ہوئے تاہم شاداب خان اور شان مسعود کے درمیان بحث و تکرار کا معاملہ صرف فیلڈ تک محدود رہا، میچ کے اختتام پر دونوں کپتانوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا۔

واضح رہے کہ پشاور زلمی سے شکست کے بعد کراچی کنگز کا پی ایس ایل میں سفر تمام ہو گیا ہے، کراچی کنگز رواں سیزن میں 10 میچز میں 8 پوائنٹس کیساتھ دوسری ناکام ترین ٹیم ثابت ہوئی ہے، پشاور زلمی کی ٹیم نے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔