مجھے پورا یقین ہے بابر اعظم بہترین لیڈر ہے: ڈیرن سیمی

Published On 17 March,2024 10:01 am

کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ مجھے پورا یقین ہے کہ بابر اعظم بہترین لیڈر ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈیرن سیمی نے کہا کہ اس وکٹ پر ہم نے 15 سے 20 رنز کم کئے، ہم نے ابتدائی 10 اوورز کے بعد اسلام آباد کو کم بیک کا موقع دیا، جیسا آغاز ہوا اس کے بعد 200 کا ہدف ذہن میں تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پشاور زلمی کی روایتی کرکٹ نہیں تھی، عماد وسیم اور حیدر علی نے بہت زبردست اننگز کھیلی، ہم نے باؤلنگ میں غلطیاں کیں، تسلسل کی کمی رہی، بابر رنز کر سکتا ہے لیکن باؤلرز کو اس کا دفاع کرنا ہے، مجھے پورا یقین ہے کہ بابر بہترین لیڈر ہے، ہماری ایک دوسرے کے ساتھ گفتگو چلتی رہتی ہے۔

ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ ٹرافی نہیں جیتے تو ہر سال پلے آف کھیلنے کی کوئی اہمیت نہیں، 9 پلے آف میں ایک ٹرافی جیتنا کافی نہیں، ہمیں اور فائنل جیتنے چاہیے تھے۔

پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی پر بہت خوش ہوں، اُمید ہے فائنل میں کراچی میں بڑا کراؤڈ آئے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے ایلیمنیٹر 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔

Advertisement