لاہور میں پولیس نے قیمتی گاڑیاں چوری کر کے بھتہ طلب کرنے والے گروہ کے 2 ملزم دھر لئے ۔ ملزموں کے قبضہ سے 10 گاڑیاں اور 2 موٹر سائیکلیں برآمد کر کے تحقیقات شروع کر دیں۔
لاہور: (دنیا نیوز) پولیس حراست میں کھڑے یہ ملزم محمد علی اور فیاض اللہ ہیں جو پیشہ ور کار چور ہیں ۔ دونوں ملزم شہر کے اہم مقامات سے قیمتی گاڑیاں چوری کر کے مالکان سے بذریعہ ٹیلی فون رابطہ کرتے اور گاڑی کی واپسی کے عوض لاکھوں روپے بھتہ طلب کرتے ۔ بھتہ دینے والے مالکان تو اپنی گاڑی واپس لینے میں کامیاب ہو جاتے لیکن نہ دینے والے ہمیشہ اپنی گاڑی سے محروم رہتے۔ ملزموں کے قبضہ سے چوری کی 10 گاڑیاں اور 2 موٹر سائیکل برآمد کر لئے گئے ہیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزموں کے خلاف راولپنڈی، سیالکوٹ اور لاہور میں 17 مقدمات ٹریس کر لئے گئے ہیں تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔