اوکاڑہ میں بھی بچوں سے زیادتی اور ویڈیو سکینڈل سامنے آ گیا

Published On 13 Feb 2018 08:47 PM 

اوکاڑہ: (دنیا نیوز) حجرہ شاہ مقیم میں بھی بچوں سے زیادتی اور ویڈیو سکینڈل سامنے آ گیا۔ نجی سکول کا پرنسپل گھناؤنے دھندے سے طلبہ و طالبات کو بلیک میل کرتا رہا۔ ملزم کو گرفتار کر کے درجنوں ویڈیوز برآمد کر لی گئیں۔

نجی تعلیمی درسگاہ میں گھناؤنا کھیل کھیلا گیا۔ قصور کے بعد حجرہ شاہ مقیم میں بھی بچوں کا ویڈیو سکینڈل بے نقاب ہو گیا۔ استاد کے بھیس میں درندے نے انسانیت کو شرما دیا۔ نواحی علاقے مہروک کلاں کے نجی سکول میں درندہ صفت پرنسپل یوسف طلبہ و طالبات کو ہوس کا نشانہ بنانے کے دوران خفیہ ویڈیو بنا کر بلیک میل کرتا تھا۔

ایک طالب علم نے تھانے پہنچ کر اس شرمناک سکینڈل کا بھانڈا پھوڑا۔ پولیس نے سکول پر چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کر کے کمپیوٹرز اور درجنوں ویڈیوز بھی برآمد کر لیں۔ ملزم کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ملزم یوسف کے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ وہ سکول چلانے کے ساتھ ساتھ واپڈا میں ملازمت بھی کر رہا ہے۔