کراچی: پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار

Last Updated On 09 April,2019 08:08 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ابراہیم حیدری پولیس کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کے دوران پولیس اہلکار سمیت کئی افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔

ابراہیم حیدری پولیس نے خفیہ اطلاع پر مہر النساء روڈ پر کارروائی کی، گرفتار ہونے والا فرحان ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر پولیس اہلکار سمیت کئی افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق ملزم فرحان عرف فرقان ایم کیو ایم لندن کے سلیپر سیل کا حصہ تھا۔ گرفتار ملزم شاہنوازعرف شاہ رخ کے ٹارگٹ کلر گروپ کیلئے ریکی اور ٹارگٹ کلنگ کرتا تھا۔ ملزم نے 2010 میں تھانہ اجمیر نگری میں تعینات پولیس اہلکار زاہد کو ٹارگٹ کر کے شہید کیا تھا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔