کے الیکٹرک کا ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر فرقہ وارانہ کلنگ میں ملوث

Last Updated On 17 April,2019 10:21 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پولیس نے لیاری ایکسپریس وے 13 ڈی کے قریب اہم کارروائی کرتے ہوئے جاوید عرف وصی رضا کو گرفتار کر لیا ہے.

تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے فرقہ وارانہ کلنگ میں ملوث کے الیکٹرک کا ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے پستول بھی برآمد کر لیا ہے۔ ملزم ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر علی چکنا کا قریبی ساتھی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم نے اپنے ابتدائی بیان میں اعتراف کیا ہے کہ لائنز ایریا کے ندیم ہارڈویئر والے کو کالا پل پر ٹارگٹ کیا جبکہ شبیر سبزی والے کو لائنز ایریا میں اس کی دکان پر ہی قتل کیا گیا۔

ملزم نے بیان میں کہا ہے کہ دونوں مقتولین کا تعلق کالعدم تنظیم سے تھا۔ میرا کام ریکی مکمل ہونے کے بعد تمام معلومات فراہم کرنا تھا۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کے الیکٹرک قانون کی پاسداری کرنے والا ذمہ دار کارپوریٹ ادارہ ہے جہاں کسی بھی سطح پر غیر قانونی سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیا جاتا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارہ تفصیلات کے حوالے سے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور اس معاملے میں انتظامیہ سے مکمل تعاون کرے گا۔ ادارہ اس بات کی مزید تصدیق کرنا چاہتا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے نا ہی کے الیکٹرک کے کسی ڈائریکٹر یا ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر سے رابطہ کیا اور نا ہی تفتیش کیلئے بلایا گیا۔