لاہور: یوم علیؓ کے موقع پر سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی: اسماعیل کھاڑک

Last Updated On 21 May,2019 05:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حضرت علی المرتضیٰ ؓ کی یوم شہادت کی سکیورٹی اقدامات کے پیش نظر عملی تربیت اور آگاہی لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔ لیکچر اور عملی تربیت ایس ایس پی آپریشنز اسماعیل کھاڑک کی زیر نگرانی فراہم کی گئی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یوم علیؓ کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔

دنیا نیوز کے مطابق اسماعیل کھاڑک نے پولیس افسران و اہلکاروں کو سیکیورٹی انتظامات کے بارے ہدایات دیں۔ اسپیشل برانچ کے افسران نےچیکنگ، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈٹیکٹرز کے استعمال بارے میں بریفنگ دی اور ناکہ بندی، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چیکنگ کی تربیت بھی دی گئی۔

ایس ایس پی آپریشنز کی طرف سے گاڑیوں کے خفیہ خانوں میں ممکنہ طور پر نصب دھماکہ خیز مواد کی نشاندہی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ تربیت پانے والے افسران اور اہلکار حضرت علی ؓ کی یوم شہادت کے موقع پر سکیورٹی پر مامور ہوں گے۔

ایس ایس پی آپریشنز اسماعیل کھاڑک کا کہنا ہے کہ یوم علی کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی، گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور شرکاء کو مکمل چیکنگ کے بعد ہی جلوس میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ حفاظتی اقدامات کے پیش نظر شہر بھر میں سرچ آپریشنز بھی جاری ہیں۔ ۔