کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے ڈیفنس میں نجی ٹی وی اینکر مرید عباس سمیت دو افراد کے قتل میں مزید اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، 50 لاکھ کے تنازع سے شروع ہونیوالی رقم ایک ارب روپے تک پہنچ گئی۔ ملزم عاطف زمان نے برطانوی خاتون کے بھی 17 کروڑ روپے دینے تھے۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں اینکر مرید عباس کا قتل معاملے کی تہہ تک پہنچنا پولیس کے لئے چیلنج بن گیا، تفتیشی حکام نے مزید شواہد اکھٹے کرلیے، کیس میں مزید انویسٹرز کا انکشاف ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اینکر مرید عباس کے قتل کی تحقیقات، ملزم کا سمگلنگ میں ملوث ہونیکا انکشاف
تفتیشی حکام کے مطابق ملزم عاطف زمان نے برطانوی شہریت رکھنے والی خاتون سے بھی رقم لی تھی، خاتون مختلف چینلز میں اینکر بھی رہ چکی ہیں، برطانوی خاتون کے 17 کروڑ روپے عاطف نے دینے تھے،
ادھر تفتیش حکام کا کہنا ہے کہ کیس میں پانچ افراد کے بیانات قلمبند کیے جاچکے ہیں، تین کاروباری شراکت داروں کو طلب کر لیا گیا ہے جبکہ کیس میں ملوث ملزم عدنان زمان کی گرفتاری کے لیئے تفتیشی ٹیم کسی بھی وقت بالاکوٹ روانہ ہوگی
دوسری طرف مرید عباس کے قتل کیس میں عدالت نے ملزم عاطف زمان کو 15 جولائی تک پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کی طرف سے ملزم کو عدالت میں پیش نہ کرنے پر موقف بتایا کہ مرید عباس کا ملزم زخمی اور بے ہوش ہے، بے ہوشی کے باعث ملزم کوعدالت میں پیش نہیں کیا جا سکتا۔ ملزم سے تفتیش کرنی ہے، جسمانی ریمانڈ دیا جائے، عاطف زمان کو 15 جولائی کو ریمانڈ کیلئےعدالت میں پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان جامی میں کارسواروں کی فائرنگ سے نجی ٹی وی کے اینکر مرید عباس اپنے ساتھی خضر سمیت جاں بحق ہو گئے تھے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ خیابان بخاری میں پیش آیا تھا۔
دنیا نیوز نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی تھی جس میں دیکھا جا سکتا تھا کہ خضر کو گرتے اور عمارت سے باہر بھاگتے دیکھا جا سکتا ہے، ملزم عاطف کے ساتھ ایک اور شخص بھی موجود تھا۔ ویڈیو میں ایک خاتون بھی نظر آ رہی ہے جبکہ فائرنگ کے بعد مرید عباس کو زخمی حالت میں لے جانے کے مناظر بھی کیمرے نے قید کئے تھے۔
پولیس نے ملزم عاطف کو حراست میں لیا تو اس نے بتایا کہ امپورٹڈ ٹائروں کا کاروبار کرتا ہوں۔ مرید عباس سمیت میڈیا کے کئی افراد نے سرمایہ کاری کر رکھی تھی۔ مرید عباس اور دیگر سرمایہ کاروں کی جانب سے بلیک میل کیاجاتا تھا جس سے تنگ آ کر اینکر اور اس کے دوست خضر کو دونوں کو قتل کر دیا۔