اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی دارالحکومت میں عالمی معیار کے ٹریفک قوانین کی پالیسی متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ دورانِ ڈرائیونگ سگریٹ نوشی پر بھی چالان ہوگا۔
وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں ٹریفک قوانین سے متعلق نئی پالیسی کا فیصلہ کیا گیا۔
مجوزہ پالیسی کے مطابق تین بار چالان ہونے کے بعد ڈرائیونگ لائسنس معطل کر دیا جائے گا۔ گاڑی کی فرنٹ سیٹ پر بیٹھنے والوں پر بیلٹ باندھنا ضروری ہو گا۔ لائسنس کے بغیر گاڑی چلانے پر بھی پابندی عائد ہو گی۔
اجلاس کے دوران بریفنگ دی گئی کہ بلاوجہ ٹریفک جام پر ایس پی اور ڈیوٹی آفیسر کے خلاف کارروائی ہو گی، اکثر اوقات ٹریفک افسران ٹریفک جام کے وقت غائب ہوتے ہیں۔
وزیرداخلہ نے ہدایت کی ہے کہ ایڈیشنل سیکرٹری ون اور ٹو چیف کمشنر اورآئی جی سے میٹینگ کریں، انہوں نے ایک ہفتے کے اندر پالیسی پر عمل درآمد شروع کرنے کا حکم بھی دیا۔
اعجاز شاہ کا کہنا تھا کہ قوانین کیلئے ڈیڈ لائن 30 ستمبر ہے، مہم کے لیے سوشل میڈیا کو بھی استعمال کیا جائے۔