بہاولپور: پولیس نے بچی کو زیادتی کے بعد قتل کرنیوالے ملزم کو گرفتار کر لیا

Last Updated On 12 October,2019 04:23 pm

بہاولپور: (دنیا نیوز) سانحہ چونیاں کی طرز پر کارروائی کرتے ہوئے بہاولپور پولیس نے آٹھ سالہ بچی کے ساتھ زیادتی اور اسے قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ڈی پی او امیر تیمور نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ماہ نواحی علاقی ہتھیجی میں 8 سالہ بچی ذکیہ بی بی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا تھا، کیس کی تفتیش کیلئے سول کپڑوں میں پولیس اہلکاروں نے دن رات مختلف بھیس بدل کر علاقہ کی نگرانی کی۔

ڈی پی او کے مطابق علاقہ کے 30 سے 40 افراد کے ڈی این اے ٹسٹ کرائے گئے، پولیس کی انتھک محنت کے بعد اصل مجرم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

امیر تیمور کا میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ مثبت ڈی این اے رپورٹ موصول ہونے اور فرانزک ثبوت اور علاقہ کی ریکی کے بعد مجرم کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ہونے والے لڑکے کی عمر 22 سال ہے۔

ڈی پی او کے مطابق ملزم عمران نامی مجرم نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے، مجرم سے مزید انویسٹی گیشن بھی کی جارہی ہے۔