منشیات سمگلنگ کے خلاف مختلف شہروں میں آپریشن، کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن اور آئس برآمد

Last Updated On 21 January,2020 11:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اینٹی نارکوٹکس نے منشیات سمگلنگ کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے پشاور، ترنول اور سیالکوٹ سے بھاری مقدار میں ہیروئن اور آئس برآمد کر لی ہے۔

اے این ایف نے پشاور ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم عتیق احمد سے دو کلوگرام آئس برآمد کرکے اسے گرفتار کر لیا۔ ملزم نے منشیات برتنوں میں چھپا رکھی تھی۔ اس کی نشاندی پر کیرئیر یاسر خان کو بھی گرفتار کرکے قبضے سے مزید دو کلو آئس برآمد کر لی گئی ہے۔

اس کے علاوہ اینٹی نارکوٹکس (اے این ایف) نے ترنول کے قریب بھی کارروائی کی اور دو ملزمان وسیم انور اور پرویز کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کی گاڑی سے 176 کلوگرام چرس اور 27 کلو افیون برآمد کی گئی گئی۔

ادھر سیالکوٹ ائیرپورٹ پر بھی اے این ایف نے ہیروئن کا پارسل ضبط کرکے پارسل بجھوانے والے ملزم کوگرفتار کر لیا ہے۔ منشیات کا یہ پارسل برطانیہ بجھوایا جا رہا تھا۔