پشاور میں افغان بردہ فروشوں کا گروہ پکڑا گیا، 10 سالہ بچی بازیاب

Last Updated On 02 July,2020 03:38 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور پولیس نے افغان بردہ فروشوں کے منظم گروہ کا سراغ لگاتے ہوئے دو خواتین سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر کے 10 سالہ بچی کو بازیاب کرا لیا۔

گلبہار میں پولیس نے شک گزرنے پر دس سالہ تنہا بچی سے جب رونے کی وجہ پوچھی توعلم ہوا کہ معصوم بچی کومنظم گروہ نے سال قبل اغواء کرکے 8 لاکھ روپے کےعوض گداگر گروہ کو فروخت کردیا ہے جو اس سے بھیک منگواتے ہیں۔

پولیس کے مطابق بچی کی نشاندہی پر کارروائی کرتے ہوئے دو خواتین سمیت چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان بھیک کم لانے پر بچی کو تشدد کا نشانہ بھی بناتے تھے۔ پولیس نے والدین کو تلاش کرکے معصوم بچی ان کے حوالے کر دی، ایک سال بعد بچی ملنے پر رقت آمیز مناظربھی سامنے آئے۔

پولیس کے مطابق حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے اور اس حوالے سے شہر میں متعلقہ اداروں کے تعاون سے گداگر بچوں کا ڈیٹا اکھٹا کرنے کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔