لاہور: ایک اور نوجوان آن لائن گیم پب جی کی بھینٹ چڑھ گیا، زندگی کا خاتمہ کر لیا

Published On 24 August,2020 05:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں ایک اور نوجوان آن لائن گیم پب جی کی بھینٹ چڑھ گیا، نوجوان نے خود کو گولی مار لی۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں آن لائن گیم پب جی کے دیوانوں کی تعداد لاکھوں میں ہے جو ہر روز اس گیم کو کھیلتے ہیں، تاہم گزشتہ ہفتوں کے دوران گیم کے باعث متعدد نوجوانوں نے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا ہے۔ تھانہ ہربنس پورہ کے علاقہ میں احسن نامی نوجوان نے خود کو گولی مار لی۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ پب جی گیم کھیلنے کے بعد بچہ کمانڈو بننے کی خواہش کر رہا تھا، نوجوان گزشتہ چند ہفتوں سے گھر میں کمانڈو ٹریننگ بھی کر تا رہا، احسن گذشتہ چار روز سے چپ چپ تھا، رات گئےخودکشی کر لی۔

لاہور میں پب جی ویڈیو گیم کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ قاتل گیم سے رواں سال پہلی خودکشی شمالی چھاونی میں ہوئی۔ یہاں 20 جون کو 20سالہ جونٹی جوزف نے خودکشی کی۔

دوسری خودکشی 23 جون کو 16 سالہ زکریا نے کی۔ 30 جون کو غازی روڈ کے 18 سالہ شہریار نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ 23 اگست کو 15 سالہ ثوبان نامی نوجوان نے خودکشی کی۔

پب جی گیم کی وجہ سے بڑھتی ہوئی خودکشیوں پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔