کراچی: پولیس افسر کے بیٹے کی سرکاری گاڑی میں نوجوان کو اغوا کرنے کی مبینہ کوشش

Published On 15 September,2020 12:59 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں پولیس کی گاڑی جھگڑے میں استعمال ہونے لگی، پولیس افسر کے بیٹے کی نوجوان کو اغوا کرنے کی مبینہ کوشش پر تھانے میں درخواست جمع کروا دی گئی۔

گزشتہ روز کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ گلشن جمال میں پولیس افسر کے بیٹے نے اہلکاروں کے ہمراہ شہری عبدالرحمان کو اغوا کرنے کی کوشش کی تھی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی تھی جس میں دیکھا جاسکتا ہے دو افراد شہری کو زبردستی سفید گاڑی میں بٹھانے کی کوشش کررہے ہیں۔

شہری نے شارع فیصل تھانے میں اغوا کی درخواست دائر کردی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ سرکاری گاڑی میں مسلح اہلکاروں کے ساتھ مجھے اغوا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اغوا کی نیت سے آنے والا نوجوان زریاب ایس پی جاوید تنولی کا بیٹا ہے۔