اوچ شریف: زبردستی شادی کی کوشش، دلہن نے 15 پر کال کرکے پولیس کو بلالیا

Published On 14 December,2020 09:57 pm

اوچ شریف: (نمائندہ دنیا) زبردستی شادی کی کوشش پر دلہن نے 15 پر کال کرکے پولیس کو بلا لیا۔ یہ واقعہ اوچ شریف کے نواحی علاقے میں پیش آیا۔

تفصیل کے مطابق اوچ شریف کے نواحی علاقے اوچموغلہ میں دلہا مشتاق احمد ڈھول اور بینڈ باجوں کے ساتھ دھوم دھام سے بارات لے کر جب دلہن کے گھر پہنچا تو دلہن گل ناز نے رخصتی سے انکار کر دیا اور کہا کہ وہ کم عمر ہے اور اس کی شادی بڑی عمر کے شخص سے زبردستی کی جا رہی ہے جس کی پہلے بھی ایک بیوی ہے۔

اس موقع پر رشتہ داروں نے منت سماجت کی مگر اس نے کسی کی نہ مانی جب زبردستی کی کوشش کی گئی تو 16 سالہ د لہن گلناز نے 15 پر کال کرکے پولیس کو بلالیا۔

اس موقع پر لڑکی گلناز نے کہا کہ اس کا ابھی شناختی کارڈ بھی نہیں بنا، اس کی زبردستی بڑی عمر کے شخص سے شادی کی جارہی ہے ، پولیس کی منت سماجت کرکے بمشکل دلہا کی جان چھڑائی گئی جو دلہن لیے بغیر واپس لوٹ گیا۔