کراچی میں چرس، غیرملکی کپڑا، ایرانی ڈیزل اور بھارتی گٹکا کی سمگلنگ ناکام، 10 ملزمان گرفتار

Published On 05 January,2021 11:36 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کوسٹ گارڈ نے اسمگلنگ کیخلاف مختلف کارروائیوں میں چرس،غیرملکی کپڑا،بھارتی گٹکا، ایرانی ڈیزل برآمد کر کے دس افراد کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق ناکہ کھاری چیک پوسٹ پرمسافر کوچ سے سات کلوگرام سے زائد چرس برآمد کی گئی۔ مختلف گاڑیوں کی تلاشی کے دوران چارہزار پینتیس کلو گرام غیر ملکی کپڑا، غیرملکی سگریٹ اور دیگر اشیاء بھی برآمد کی گئیں۔ ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر ٹرک سے ایک ہزار ستر کلو گرام چھالیہ، انڈین گٹکا برآمد کر کے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا۔

سپرہائی وے کراچی پر دوران چیکنگ ٹرک سے سات ہزارپانچ سو کلو گرام چھالیہ برآمد کرکے دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ جیوانی کے قریب موبائل گشت کے دوران تیرہ ہزار سے زائد لٹر ایرانی ڈیزل برآمد کرکے سات افراد کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان کے مطابق پکڑی جانے والی منشیات، چھالیہ اور متفرق اشیاء کی مالیت تقریباً کروڑوں روپے میں ہے۔