لاہور: دو بچوں کو زندہ جلانے والی خاتون نے اعتراف جرم کر لیا

Published On 23 February,2021 10:45 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سنگدل ماں نے شوہر سے جھگڑے کی سزا معصوم بچوں کو دی۔۔لاہور میں اپنے دو بچوں کو زندہ جلانے والی خاتون نے اعتراف جرم کر لیا۔ بھاگ کر جان بچانے والے بچے نے بھی ماں کی سفاکانہ حرکت کے بارے میں زبان کھول دی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے مانگا منڈی میں دو بچوں کو آگ کے شعلوں کی نذر کر کے اپنی دنیا آپ اجاڑنے والی سنگدل ماں کو انویسٹی گیشن پولیس نے لٹن روڈ کے خواتین پولیس سٹیشن میں منتقل کر دیا۔۔

پولیس نے بچوں کی دادی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تنزیلہ نے سفاکیت کا اقرار کیا اور اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ ساس کے کہنے پر شوہر تشدد کرتا تھا۔ سبق سکھانے کیلئے بچوں کو جلا ڈالا۔

ملزمہ کے بڑے بیٹے اور دل دہلا دینے والے واقعہ میں زندہ بچ جانے والے 5 سالہ اذان کا بیان بھی منظر عام پر آگیا ہے۔ اذان نے بتایا کہ کمرے میں دونوں چھوٹے بھائی عبدالرحمن، اور فیضان سو رہے تھے جن کے ساتھ لیٹا ہوا تھا۔ ماں نے کمرے کو آگ لگائی تو باہر دوڑ کر جان بچائی۔

بچوں کی دادی کے مطابق ماں اپنے بچوں کو پیار کم جبکہ مار کٹائی زیادہ کرتی تھی ،کبھی منع کرتے تو جھگڑا شروع کر دیتی۔

دوسری جانب جاں بحق دونوں بچوں فیضان اور عبدالرحمن کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی جبکہ پورا علاقہ سوگ میں ڈوبا رہا۔