کراچی، جیکب آباد میں ڈکیتی مزاحمت پر اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق، 3 زخمی

Published On 01 April,2024 05:42 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی اور جیکب آباد میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر اہلکار سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے علاقے انڑ سٹیشن کے قریب ڈاکوؤں نے سندھ پولیس کے اہلکار سمیت 3 افراد کو روک کر لوٹ مار کی تو روکنے کی کوشش پر ملزموں نے فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے اہلکار اور ایک شخص موقع پر دم توڑ گئے۔

مرنے والے دونوں افراد کی شناخت اسد اللہ اور سلیمان سندرانی کے ناموں سے ہوئی، واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ضروری کارروائی کے بعد لاشوں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں زخمی کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ایس ایس پی جیکب آباد سید سلیم شاہ نے ڈکیتی مزاحمت پر اہلکار سمیت 2 افراد کے قتل کا نوٹس لے لیا اور جائے وقوعہ پر پہنچ کر معائنہ کیا، تھانہ باہو کھوسو کے ایس ایچ او کو کوتاہی برتنے پر معطل کر دیا گیا۔

موقع پر موجود ایس ایس پی جیکب آباد سید سلیم شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جائے واردات سے موبائل فون ملا ہے جس کی ٹریسنگ کر کے تفتیش ہو گی، واقعے میں ملوث ملزمان کیخلاف آپریشن شروع کیا جائے گا۔

دوسری جانب شہر قائد کراچی کے علاقے گلشن بونیر میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص کو گولیاں مار دی گئیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا، زخمی شخص کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ادھر کراچی کے علاقے پرانا گولی مار کے قریب ڈاکوؤں نے لوٹنے کے بعد ایک نوجوان کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا، زخمی نوجوان کی شناخت 24 سالہ تنویر کے نام سے ہوئی، پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی۔