کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر شہری کو زخمی کر دیا، چار ملزم گرفتار، سانگھڑ اور سکھر میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 2 ڈاکو زخمی حالت میں پکڑ لیے جبکہ 4 ساتھی فرار ہو گئے۔
کراچی کے علاقے بلوچ کالونی میں موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے شہری کو روک کر لوٹ مار کی اور جاتے جاتے گولیاں مار گئے، شہری کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس نے جائے وقوعہ کا جائزہ لینے کے بعد ملزموں کی تلاش شروع کر دی۔
ادھر کراچی میں اے وی ایل سی پولیس نے لیاری اور کیماڑی میں کارروائی کر کے 4 ملزموں کو حراست میں لے لیا، ملزمان کے قبضے سے 3 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں، گرفتار ملزم مختلف علاقوں سے موٹر سائیکلیں چوری کر کے کم قیمت پر فروخت کر دیتے تھے۔
دوسری جانب سانگھڑ پیرومل تھانے کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے دو ساتھی اندھیرے میں فرار ہو گئے، پولیس نے ملزم کے قبضے سے پستول اور چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا۔
سکھر میں تھانہ سائٹ کی حدود میں بھی ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں دھر لیا گیا جبکہ 2 ساتھی موقع سے فرار ہو گئے، گرفتار ملزم کی شناخت علی روشن کے نام سے ہوئی، پولیس نے ملزم سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا۔