اردو کے صاحب اسلوب مزاح نگار سید محمد جعفری کی آج 40 ویں برسی

Published On 07 Jan 2016 03:26 PM 

سیاسی ، سماجی موضوعات پر مزاح سے بھرپور 900 نظمیں تحریر کیں ، غالب اور اقبال کی شاعری کی خوبصورت تضمین بھی لکھی

لاہور (دنیا نیوز ) 7 جنوری 1976ء کو اردو کے نامور مزاح گو شاعر سید محمد جعفری کراچی میں وفات پاگئے ۔ وہ 27 دسمبر 1905ء کو پہرسر بھرت پور کے ایک ذی علم گھرانے میں پیدا ہوئے تھے ۔ 1906ء میں ان کے والد سید محمد علی جعفری اسلامیہ کالج لاہور سے منسلک ہوگئے یوں سید محمد جعفری کی تمام تر تعلیم لاہور میں ہوئی ۔ قیام پاکستان کے بعد سید محمد جعفری مرکزی محکمہ اطلاعات میں اہم منصب پر فائز ہوئے ۔ اسی ملازمت کے دوران انہیں ایران میں بحیثیت پریس اور کلچرل اتاشی خدمات انجام دینے کا موقع ملا ۔ سید محمد جعفری ایک صاحب اسلوب شاعر تھے ۔ انہوں نے سیاسی اور سماجی موضوعات پر 900 کے لگ بھگ نظمیں تحریر کیں ۔ ان کے یہاں کلاسیکی شاعری کے تمام التزامات نظر آتے ہیں خصوصاً انہوں نے غالب اور اقبال کے جن مصرعوں کی تضمین کی ہے اس کی کوئی اور مثال اردو شاعری میں نظر نہیں آتی ۔ سید محمد جعفری کے انتقال کے بعد ان کی شاعری کے دو مجموعے "شوخی تحریر" اور "تیرنیم کش" کے نام سے شائع ہوئے ۔ وہ کراچی میں خراسان باغ کے قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں ۔