اذان کے خلاف ٹویٹ پر سونو نگم کے خلاف ایف آئی آر درج

Published On 20 Apr 2017 09:49 PM 

سونو نگم کی ٹویٹ سے نہ صرف مسلمان برادری بلکہ ہندو بھی خوش نہ ہوئے،یہ ایف آئی آر مہا رشٹرا کے ایک ضلع اورنگ آبادمیں درج کروائی گئی۔

ممبئی:(روزنامہ دنیا) اذان کے خلاف ٹویٹ پر معروف بھارتی گلوکار سونو نگم کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی،سونو نگم کی ٹویٹ سے نہ صرف مسلمان برادری بلکہ ہندو بھی خوش نہ ہوئے،یہ ایف آئی آر مہا رشٹرا کے ایک ضلع اورنگ آبادمیں درج کروائی گئی جس کی کاپی بھارت کے ایک مقامی اخبار نے شائع بھی کی،اس ایف آئی آر کے بعد سونو نگم نے پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انڈین میڈیا کے مطابق ضلع اورنگ آباد کی مقامی مذہبی آرگنائزیشن کے صدر ندیم رانا کی جانب سے مقدمہ درج کروانے کی درخواست جمع کروائی گئی تھی،درخواست میں سونو نگم کی جانب سے مساجد میں اذان اور لاؤڈ سپیکرز کے استعمال پر تنقید کو بنیاد بنایا گیا۔

خیال رہے کہ اذانِ فجر پر سونو نگم کے ریمارکس کے بعد انھیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ معروف بالی ووڈ پرڈیوسر پوجا بھٹ نے بھی اپنی ایک ٹویٹ کے ذریعے ان کے اس بیان کی شدید مذمت کی تھی۔ دوسری جانب مغربی بنگال اقلیتی یونائیٹڈ کونسل کے نائب صدر سید شا قادری نے سونو نگم کی ٹنڈ کرنے والے کو 10 لاکھ انعام دینے کا اعلان کر دیا تھا جس کے جواب میں گلوکار خود ٹنڈ کروا کے میڈیا کے سامنے آ گئے تھے۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے قادری کا کہنا تھا کہ سونو نگم گرمی سے نجات حاصل کرنے کے لئے گنجے ہوئے ہیں۔ انہیں جوتے کی مالا پہن کر معافی مانگنا چاہیے۔