امریکی نژاد پاکستانی کا آئینہ 2 میں سرمایہ کاری کا اعلان

Published On 21 Apr 2017 12:05 PM 

40 سال بعد ہم شبنم اور ندیم کو ایک بار پھر جوان کرینگے،سید نور، آئینہ ٹو میں کام کر کے سنہرے دنوں کی یادیں تازہ ہونگی:ندیم

کراچی:(روزنامہ دنیا) پاکستان فلم انڈسٹری کو دنیا بھر میں فروغ دینے کیلئے بیرون ملک میں رہائش پذیر پاکستانی بھی سرگرم ہوگئے،ہدایتکار سید نور کی کراچی میں زیر تکمیل فلم "چین آئے نہ" میں امریکی پروڈیوسر کی سرمایہ کاری کے بعد اب ایک اور امریکی نژاد پاکستانی جمیل احمد نے"آئینہ 2"میں سرمایہ کاری کا اعلان گزشتہ شب مقامی فائیوسٹار ہوٹل میں سکائی کوپٹر فلمز کے تحت سجائی گئی تقریب میں کیا۔

مذکورہ فلم کو آئینہ کے فلمساز نورالدین کیسٹ کے بیٹے سہیل کیسٹ نے بنانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں،ہدایتکار سید نور نے کہا چالیس سال بعد ہم شبنم اور ندیم کو ایک بار پھر جوان کرینگے،ندیم نے کہا آئینہ ٹو میں کام کر کے سنہرے دنوں کی یادیں تازہ ہونگی،مصطفی قریشی نے کہا انڈیا میں شعلے،پاکستان میں آئینہ اور مولاجٹ اس دور میں سب سے زیادہ عرصے تک چلنے والی فلمیں رہی ہیں جسکا ذکر بھارتی اداکار امجد خان مرحوم نے بھی کیا۔

پروڈیوسر سہیل کیسٹ نے کہا فلم بنانے کا خیال مجھ سے زیادہ میری بیگم فاطمہ کو آیا انکی فلم آئینہ سے بڑی یادیں وابستہ ہیں،امریکی فلمساز جمیل احمد نے کہا اب پاکستانی فلموں کا سنہرا دور شروع ہوچکا ہے،نظامت گلوکار و موسیقار تنویر آفریدی نے کی جبکہ تقریب میں عادل مراد،نازنین طارق و دیگر شخصیات بھی موجود تھیں،واضح رہے مذکورہ فلم میں ہیرو کیلئے شہروز سبزواری کو منتخب کیا گیا ہے۔