گلوکار اسد امانت علی خان کی 63ویں سالگرہ

Last Updated On 25 September,2018 06:27 pm

لاہور: (دنیا نیوز) کلاسیکل موسیقی کی پہچان گلوکار اسد امانت علی خان کی 63ویں سالگرہ آج منائی جارہی ہے۔

اسد امانت علی خان 25 ستمبر 1955 کو لاہور میں پیدا ہوئے اور گائیکی کا آغاز 10 سال کی عمر سے کیا۔ پٹیالہ گھر کے اس چراغ کو موسیقی کا فن اپنے والد امانت علی خان سے ورثے میں ملا۔ ان کی گائی غزلوں اور کلاسیکل راگ کو عالمی شہرت ملی۔ اسد امانت علی خان نے متعدد فلموں کو اپنی گائیکی سے سجایا۔

اپنے والد استاد امانت علی کی وفات کے بعد انشا جی کی لکھی اور استاد امانت علی کی گائی غزل "انشا جی اٹھو اب کوچ کرو" گانے کے بعد اسد علی خان کو اولین شناخت اور مقبولیت حاصل ہوئی۔

اسد امانت علی خان کو صدارتی ایوارڈ پرائڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا تاہم ایوارڈ کے فوری بعد ہی ان کی طبیعت ناساز ہوگئی اور وہ علاج کیلئے لندن چلے گئے۔ گائیکی کی دنیا کا یہ درخشاں ستارہ 2007 میں ہمیشہ کے لیے چھپ گیا۔ ان کی غزلیں اور گیت آج بھی موسیقی کی دنیا کا قیمتی اثاثہ ہیں۔