معروف گلوکارہ ناہید اختر کی آج 62 ویں سالگرہ ہے

Last Updated On 26 September,2018 03:08 pm

لاہور (دنیا نیوز ) پاکستان کی معروف گلوکارہ ناہید اختر کی آج 62 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ ناہید اختر نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز فلم ''ننھا فرشتہ '' سے کیا ۔

اپنی آواز کی خوبصورتی کی وجہ سے وہ بہت کم عرصے میں شائقین کے دلوں میں گھر بنانے میں کامیاب ہوگئیں، انہوں نے پاپ موسیقی کے علاوہ غزل گائیکی ، کلاسیکل ، نیم، کلاسیکل اور لوک گیتوں میں اپنا مقام بنایا۔


1970 سے 80 کی دہائی تک انہوں نے پاکستان فلم انڈسٹری میں اپنی آواز کا جادو جگایا اور کئی فلموں کیلئے یادگار گیت ریکارڈ کروائے۔ یہ ان کے گیتوں کا ہی کمال تھا کہ اس دور میں جن فلموں کیلئے ناہید اختر نے گیت گائے وہ تمام فلمیں عوام میں بے حد مقبول ہوئیں اور باکس آفس پر بھی انہوں نے زبردست کامیابی حاصل کی۔


ناہید اختر نے معروف ڈرامہ نگار آصف علی پوتا سے شادی کے بعد گلوکاری کو خیرباد کہہ دیا۔ ان کی خوبصورت آواز سے بالی ووڈ والے بھی متاثر ہوئے اور انہوں ںے ناہید اختر کے گائے ہوئے کئی گیتوں کو اپنی فلموں میں کاپی کیا۔ ان کا سپرہٹ گیت    کسی مہرباں نے آکے میری زندگی سجا دی   بھی بالی ووڈ کی فلم میں کاپی کیا گیا۔ انہوں نے پاکستانی فلم    دہلیز   اور    میرا نام ہے محبت    کیلئے مہدی حسن کیساتھ بھی گیت ریکارڈ کرائے ۔


ناہید اختر نے یوں تو کئی مشہور گیت گائے لیکن ان کے چند گیت اور غزلیں ذیل میں پیش کی جا رہی ہیں۔
تو میرے ساتھ ساتھ رہے تو جدا نہ ہو
یہ دنیا رہے نہ رہے میرے ہمدم کہانی محبت کی زندہ رہے گی
آئے موسم رنگیلے
کسی مہرباں نے آکے میری زندگی سجا دی
تیری الفت میں صنم
شب غم مجھ سے مل کر ایسے روئی
چھاپ تلک سب چھین لی رے موسے نینا ملائی کے
نینوں کا ہے کام سارا دو نینوں کا کام