ہتک عزت دعویٰ: میشا شفیع نے گواہوں کی فہرست مانگ لی، فیصلہ محفوظ

Last Updated On 20 March,2019 11:20 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) سیشن عدالت نے ادکارہ و ماڈل میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت کے دعویٰ پر انہیں گواہوں کی فہرست فراہم کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا، عدالت میشا شفیع میشا شفیع کی درخواست پر فیصلہ آج سنائے گی۔

 تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز گلوکار علی ظفر کی جانب سے اداکارہ میشا شفیع کے خلاف ہتک عزت دعوی کی سماعت ہوئی، میشا شفیع کے وکیل نے گواہوں کی فہرست فراہم کرنے کی استدعا کی جس پر اداکار علی ظفر کے وکیل رانا انتظار حسین نے موقف اختیار کیا کہ میشا شفیع ایسی درخواستیں دیکر عدالتی وقت ضائع کر رہی ہیں لہذا عدالت میشا شفیع کی درخواست مسترد کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا جو آج سنایاجائے گا۔ واضح رہے کہ ہتک عزت دعوی کیس میں گلوکار علی ظفر نے موقف اپنایا تھا کہ اداکارہ میشا جھوٹی شہرت کے حصول کیلئے ہراساں کرنے کے بے بنیاد الزامات لگا رہی ہیں جبکہ میشا شفیع نے علی ظفر پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کر رکھا ہے۔