تمغہ امتیاز کے لیے مہوش حیات کا نام تجویز کرنے والی شخصیت کون؟

Last Updated On 24 July,2019 07:39 am

لاہور: (دنیا نیوز) رواں سال یوم پاکستان کے موقع پر 127 معروف شخصیات کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس فہرست میں معروف اداکار، ٹی وی اینکرز اور گلوکار شامل تھے۔ مگر اس فہرست میں ایک نام ایسا بھی تھا جس نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث کو جنم دیا تھا۔ یہ نام تھا فلم سٹار مہوش حیات کا۔ سوشل میڈیا پر صارفین کی ایک بڑی تعداد مہوش حیات کو تمغہ امتیاز ملنے کے فیصلے کی معترف نظر آئی جبکہ زیادہ تر لوگ اس فیصلے کے مخالفت میں دلائل دیتے ہوئے پائے گئے۔

مہوش حیات کا نام سول ایوارڈ کے لیے کس نے تجویز کیا تھا؟ بحث میں شامل تمام افراد ہی اس سے لاعلم تھے مگر اب اس راز سے بھی پردہ اٹھ چکا ہے۔ گذشتہ دنوں نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے اس راز سے پردہ اٹھا دیا۔ اینکر پرسن کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اداکارہ مہوش حیات کا نام کسی اور نے نہیں بلکہ خود انہوں نے تجویز کیا تھا۔


فواد چودھری کا مزید کہنا تھا کہ میں مہوش حیات کو جانتا نہیں، میں پہلی بار مہوش حیات کو ایوان صدر میں ملا جس دن انہیں یہ ایوارڈ دیا جانا تھا، ان کا نام تجویز کرنے کی وجہ بلکل سادہ ہے ان کی تین فلموں کی کمائی ایک بلین روپے تھی اور فلموں کی کمائی کا یہ اعزاز کسی اور اداکار یا اداکارہ کے حصے نہیں آیا۔


ایک اور سوال کے جواب میں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا تھا کہ میرے علم میں بات لائی گئی وسیم اکرم، وقار یونس، ریما خان، بابرہ شریف جیسی شخصیات کو کبھی ایوارڈ نہیں دیا گیا جن کی اپنی اپنی فیلڈ میں گراں قدر خدمات ہیں تو ہم نے فیصلہ کیا کہ انہیں بھی ایوارڈ دیئے جائیں۔
 

Advertisement