کراچی: (ویب ڈیسک) ماہرہ خان جو فلم انڈسٹری میں ٹھنڈا دماغ رکھنے والی اداکارہ مشہور ہیں نے اپنی روش برقرار رکھتے ہوئے سینئر اداکار فردوس جمال کی تنقید کا جواب دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ہماری جنگ اس مخصوص سوچ کے خلاف ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ کامیاب عورت ایک ڈراؤنی سوچ ہے۔
رپورٹ کے مطابق ماہرہ خان نے سوشل میڈیا پر سینئر اداکار فردوس جمال کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم حال ہیں اور جو ہم کرتے ہیں اور جیسے ہم کرتے ہیں وہ ہمارا مستقبل ہے لیکن میں اُن سب کا شکریہ ادا کرتی ہوں جو مجھ سے پوچھے بغیر میری حمایت میں باہر آئے‘۔
ماہرہ خان کا مزید کہنا تھا کہ ایک فنکارہ ہونے کے ناطے مجھے اپنی انڈسٹری پر فخر ہے اور میں شکر گزار ہوں اُن سینئرز کی جنہوں نے نہ صرف دوسروں بلکہ میرے لیے بھی راستہ ہموار کیا، انھوں نے خود پر فخر کا اظہار ان الفاظ میں کیا کہ میں اپنی زندگی کے اس سفر میں فخر کے ساتھ کہہ سکتی ہوں کہ میں نے وہ کچھ کیا ہے جو مجھے ٹھیک لگا ہے لیکن اس بات سے کبھی پریشان نہیں ہوئی کہ دوسروں کے مطابق میرے لیے کیا ٹھیک ہے۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ یہ دنیا نفرت سے بھرپور ہے لیکن ہمیں محبت کا انتخاب کرنا چاہیے ہم لوگوں کی رائے کو برداشت کرتے ہیں اور ہماری جنگ اس مخصوص سوچ کے خلاف ہے جو یہ سمجھتے ہیں کامیاب عورت ایک ڈراؤنی سوچ ہے لیکن حقیقتاً ایسا بالکل نہیں ہے بلکہ یہ خوبصورت اور عورت کو با اختیار بنانے کے لیے ہے۔ واضح رہے کہ اداکار فردوس جمال نے ماہرہ خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماہرہ خان کو ہیروئن کی بجائے ماں کا کردار ادا کرنا چاہئے۔ اگر میں 20 سال کی عمر میں ضعیف کا کردار ادا کر سکتا ہوں تو اداکارہ ماہرہ خان یا دوسری اداکارائیں کیوں ماں کا کردار ادا نہیں کرسکتیں۔