میری سب سے اچھی فلم ابھی بنی نہیں: عائشہ عمر

Last Updated On 06 November,2019 10:03 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی ٹی وی ڈراموں اور فلموں کی معروف اداکارہ عائشہ عمر کا کہنا ہے کہ پاکستانی انڈسٹری میں اب اچھی فلمیں بن رہی ہیں، یہ اس بات کی نشاندہی ہے کہ انڈسٹری صحیح ڈگر پر چل نکلی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کو ایک انٹرویو کے دوران اپنی سب سے پسندیدہ فلم کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ میری سب سے اچھی فلم تو ابھی بنی ہی نہیں، لیکن جلد بن جائے گی۔

یاد رہے کہ عائشہ عمر کافی عرصے سے سکرین سے غائب تھیں جس کے بعد وہ اب ایک بار پھر فلمی سکرین پر جلوہ گر ہوئی ہیں۔ ان کی نئی فلم “کاف کنگنا” 25 اکتوبر کو ریلیز ہو چکی ہے جب کہ کچھ مزید فلمیں بھی جلد ریلیز ہونے والی ہیں۔

فلمی انڈسٹری سے دو سال تک غیر حاضر رہنے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ دو سال پہلے میں نے سوچا کہ “یہ جوانی پھر نہیں آنی” تو کیوں نہ دنیا ہی دیکھ لی جائے۔ اس لیے دنیا گھومنے نکل پڑی اور پچھلے دو سالوں میں بہت سی جگہوں کا سفر کیا۔

اداکارہ کے مطابق اس عرصے کے دوران انہوں نے تین فلموں میں بھی کام کیا ہے جن میں سے ایک “کاف کنگنا” ریلیز ہو چکی ہے جب کہ “رہبرا” پر دوبارہ کام کا آغاز ہو چکا ہے۔

اپنی فلم “رہبرا” کے بارے میں بتاتے ہوئے عائشہ نے کہا کہ ’’رہبرا‘‘ کی شوٹنگ کا آغاز دو سال پہلے ہوا تھا جس میں اداکار احسن خان انکے مقابل مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ کچھ مسائل کی وجہ سے فلم “رہبرا” کی شوٹنگ رک گئی تھی لیکن اب دوبارہ اس پر کام شروع ہونے جا رہا ہے۔

عائشہ عمر نے مزید کہا کہ تیسری فلم کامران شاہد کی ہے جس کی شوٹنگ مکمل ہو چکی ہے اور پوسٹ پروڈکشن کا کام جاری ہے جس کی تکمیل کے بعد اسے ریلیز کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دو اور فلموں پر بھی جلد کام شروع ہونے والا ہے۔

فلم “کاف کنگنا” میں نبھائے گئے اپنے کردار سے متعلق عائشہ عمر نے بتایا کہ ان کا کردار ایک باہمت اور نڈر لڑکی گلناز کا ہے، جو اپنے خوابوں کو تعبیر دینا چاہتی ہے، اس سلسلے میں وہ بہت سنجیدہ نظر آتی ہے۔